ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی کے ہوٹل میں آتشزدگی ،دھونی سمیت دیگر کھلاڑی بچائے گئے،میچ ملتوی

دہلی کے ہوٹل میں آتشزدگی ،دھونی سمیت دیگر کھلاڑی بچائے گئے،میچ ملتوی

Sat, 18 Mar 2017 11:41:47    S.O. News Service

نئی دہلی،17؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور جھارکھنڈ ٹیم کے ان کے ساتھی کھلاڑیوں کو اس وقت دہلی کے دوارکا علاقے کے ایک فائیواسٹار ہوٹل سے بحفاظت نکال لیا گیا جب یہاں جمعہ کی صبح آگ لگ گئی۔اس واقعہ کے بعد بنگال کے خلاف ٹیم کا وجے ہزارے ٹرافی سیمی فائنل ملتوی کر دیا گیا۔میچ ریفری سنجے ورما نے میچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد پالم کے فضائیہ میدان پر ہونے والا یہ میچ اب کل فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر کھیلاجائے گا۔دھونی اور ٹیم کے ان کے دیگر ساتھی آئی ٹی سی ویلکم ہوٹل میں ناشتہ کر رہے تھے ،جب ایمرجنسی صورت میں انہیں بچا لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ،ہوٹل میں تقریبا 540مہمان تھے۔جھارکھنڈ کے کوچ راجیو کمار نے کہاکہ ہاں، یہ خوفنا ک منظر تھا ،کیونکہ صبح سویرے آگ لگی، ہمیں ہوٹل سے باہر نکالا گیا اور میدان میں لایا گیا۔میچ ریفری نے میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ،کیونکہ ٹیم کی کٹ ہوٹل میں تھی اور میچ شروع نہیں کیا جا سکتا تھا۔دونوں ٹیمیں میدان پر تھی لیکن جھارکھنڈ کے کھلاڑی ذہنی طور پر پریشان تھے ،اس لیے بی سی سی آئی نے انہیں ذہنی طور پر قابو پانے کے لیے ایک دن کا وقت دیاہے ۔جھارکھنڈ کے ایک کھلاڑی نے کہاکہ جب ہم ہوٹل میں ناشتہ کر رہے تھے ،تو دھوئیں کی دم گھونٹنے والی بدبو آنے لگی جس کے بعد ہم جان بچانے کے لیے بھاگے۔دہلی فائر بریگیڈ کے سینئر افسر نے بتایاکہ صبح تقریبا ساڑھے چھ بجے ویلکم ہوٹل میں آگ لگنے کا فون آیا۔فائربریگیڈ کی 30گاڑیاں موقع پر بھیجی گئی اور صبح 9بج کر 45منٹ پر آگ پر قابو پایا گیا۔پولیس نے کہا کہ ریلائنس کے شوروم میں سب سے پہلے آگ لگی تھی، آگ لگنے کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے آگے کی جانچ کی جا رہی ہے۔اس درمیان، ہوٹل نے بعد میں بیان جاری کرکے کہاکہ آگ ہوٹل کے ساتھ لگے شاپنگ مال میں لگی تھی، اپنی حفاظت کی گائڈلائن پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی طور پر ہم نے اپنے تمام مہمانوں کو باہر نکالا ہے، ہوٹل میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔


Share: